بھٹکل 18؍ مئی (ایس اؤ نیوز) طوفان تاؤتکے سے متاثرہ ساحلی پٹی کے اضلاع کا دورہ کررہے ریاستی روینیو منسٹر آر اشوک آج 18مئی کو بھٹکل پہنچے اور تینگن گنڈی بندرگاہ ، ہیرتار ، بھٹکل بندرگاہ اور تلگوڈ ساحل پر نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرہ لوگوں سے گفتگو کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر سمندری کٹاو کے ساتھ ساتھ تحفظاتی دیوار اور راستے ٹوٹ گئے ہیں، ناریل کے باغات سمیت کھیتوں میں سمندر کا نمکین پانی گھس جانے سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
معائنے کے بعد ہیر تار ساحل پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ ساحلی اضلاع کے تعلقہ جات میں جہاں جہاں تاوکتے طوفان کی وجہ سے نقصانا ت ہوئے ہیں ان کا ریاستی حکومت کی طرف سے معائنہ کرنے اور جائزہ لینے کے بعد متاثرین میں معاوضہ تقسیم کرنے کےسلسلے میں مجھے نمائندہ بنا کر بھیجاگیا ہے۔ جس کے تحت آج ہم نے بھٹکل کے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا۔ خاص کر گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا جائزہ لیا گیا ہےاور افسران سے کہاگیا ہےکہ نقصانات کے مطابق متاثرین میں معاوضہ تقسیم کریں۔
آر اشو ک نے بتایا کہ اترکنڑا ضلع کے ساحلی تعلقہ جات کاروار، انکولہ ، کمٹہ ، ہوناور اور بھٹکل کے کل 48دیہات تاوکتے طوفان سے متاثرہوئےہیں۔ 8 راحت کیمپ شروع کئے گئے ہیں جہاں 107لوگوں کو پناہ دی گئی ہے۔ طوفان سے بھٹکل میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جن کے گھر والوں کو حکومت کی طرف سے امداد کے طور پر 5لاکھ روپیوں کا چک دیا جارہاہے۔ اترکنڑا ضلع میں 176گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ 86ماہی گیر کشتیاں اور 45مچھلیوں کے جال بھی نقصان کا شکار ہوئے ہیں، 3.57ہیکڑ کاشت کاری زمین ، 500سے زائد بجلی کے کھمبے ، 137ٹرانسفرمر کو بھی نقصان ہواہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ افسران کی طرف سے سروے جاری ہے فی الحال ابتدائی طور پر جو کچھ جانکاری ملی ہے وہ آپ کے سامنے ہے ۔ اگلے دو تین دنوں میں نقصانات کی مکمل جانکاری حاصل ہوگی۔ اور روینیو، باغبانی اور ہسکام محکمہ جات کے افسران مکمل سروے کے بعد رپورٹ دیں گے اس کے بعد ڈزاسٹر مینجمنٹ اصولوں کےمطابق متاثرین میں معاوضہ کی تقسیم کی جائےگی۔
معاوضے کی تقسیم کاری کےمتعلق وزیر نے بتایا کہ جن گھروں میں پانی گھس گیا ہے انہیں 10ہزارروپئے ، جن گھروں کا کم نقصان ہواہے انہیں 1لاکھ روپئے، جن کے گھر مکمل منہدم ہوئے ہیں انہیں 5لاکھ روپئے کا معاوضہ فوری طورپر اگلے دو دنوں میں دیا جائے گا۔ افسران کو اس سلسلے میں ہدایات دی جاچکی ہیں۔ اسی طرح ہم نے معائنہ کے دوران دیکھا کہ ساحل سمندر میں کئی ایک تحفظاتی دیواریں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں جس کی فوری طور پر درستگی کی جائے گی۔
ااخباری نمائندوں سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ لاک ڈاؤن کی توسیع ہو یا پیاکیج کا اعلان کا اختیار صرف وزیراعلیٰ کو ہے وہی اس سلسلے میں بیان جاری کریں گے۔ البتہ میری ذاتی رائے ہےکہ لاک ڈاؤن کو جاری رکھا جائے پڑوسی ریاستیں کیرلا ، مہاراشٹرا وغیرہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرین کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔ کیونکہ ریاست کے دیہی علاقوں میں یہ مرض پھیلتا جارہاہے۔ اس سلسلے میں حکومت اقدامات اٹھار ہی ہے۔ امید ہےکہ عوام کو راحت ملے گی۔ اس موقع پر ضلع اُترکنڑا کے نگراں کار وزیر شیورام ہیبار، بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک، کمٹہ کے ایم ایل اے دینکر شٹی ، کاروار کی رکن اسمبلی روپالی نائک سمیت کئی دیگر لوگ موجو د تھے۔
بھٹکل کے مختلف مقامات پر دور ہ کرنے کے بعد وزیر آر اشوک نے تعلقہ جات افسران کے ساتھ منی ودھان سودھا میں میٹنگ کی جس میں نقصانات کی بھرپائی ، معاوضہ کی تقسیم اور کورونا سے لڑنے کے متعلق ہدایات جاری کیں۔ اس کے بعد تاؤتکے طوفان سے ہلاک ہونےو الے ایرپا نائک کے خاندان والوں کو 5لاکھ روپئے کا چک ادا کیا۔
